کولکا تہ، 26؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مغربی بنگال حکومت نے شہری غریبوں کے لیے نجی مکان اسکیم کے تحت مکانوں کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کرنے کے لیے خصوصی مہم شروع کی ہے۔حکام نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اس پروگرام کے نفاذ کے واسطے مقامی اداروں کو 472کروڑ روپے الاٹ کئے گئے ہیں اور 38شہری اداروں کے لیے 31کروڑ روپے دئیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ منصوبوں کی پیش رفت کی بنیاد پر مزید فنڈ جاری کرنے پر غور کیا جائے گا۔شہری مقامی اداروں میں مطلوبہ فائدہ اٹھانے والوں کا انتخاب سروے کے ذریعے کیا گیا ہے۔اس کے بعد سالانہ نفاذ منصوبہ اور تفصیلی منصوبہ رپورٹ تیار کرنا شروع کیا گیا ہے۔ان نئے مکانوں میں ایک بیڈروم، ایک کثیر مقاصد کمرہ ، اٹیچ باتھ روم اور ٹوائلٹ اور باورچی خانے ہوں گے۔یہ 25.77مربع میٹر پر پھیلاہو گا ۔ایک فلیٹ کی قیمت 3.68لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔